کاروار4؍مارچ (ایس او نیوز)شمالی کینرا کی ضلع پنچایت کے چیف ایکزیکٹیو آفیسرایم روشن نے عوام سے کہا ہے کہ تغذیہ کی کمی سے متاثرہ بچوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکارکی طرف سے ہر طرح کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ سرکاری اسکیموں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
تغذیہ کی کمی سے بہت ہی زیادہ متاثر بچوں کے علاج کے لئے اس سے پہلے صرف ضلع اسپتال میں سہولت مہیا تھی، لیکن سال2018-19میں یہ سہولت تعلقہ اسپتال منڈگوڈ اور تعلقہ اسپتال کمٹہ میں بھی شروع کی گئی ہے، جہاں تغذیہ کی کمی سے کمزور ہونے والے بچوں کو اندرونی مریض کے طور پر داخل کرکے علاج فراہم کیا جاتا ہے۔بقیہ سرکاری اسپتالوں میں ایک یا دو بستر ایسے مریضوں کے علاج کے لئے مخصوص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ راشٹریہ آروگیہ ابھیان کے تحت بچے کے علاج کے لئے یومیہ 125روپے مختص کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کے علاوہ بچے کی غذا کے لئے یومیہ125روپے، ماں کے لئے یومیہ 125روپے اور ماں کے علاوہ خاندان کا کوئی اور فرد بچے کا سہارا بن کر سامنے آتا ہے تو اس کے لئے یومیہ 174 روپے جملہ 14دنوں تک فراہم کرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ عوام کو اس اسکیم سے پورا استفادہ کرنا چاہیے۔